ریٹرننگ افسران کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا، انتخابات سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں، چیف الیکشن کمشنر

پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے،ہم شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پر عزم ہیں،الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ آپ مکمل رازداری اور شفافیت کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

اس امر کا اظہار انہوں نے7دسمبرکو قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر الیکشن کمیشن نےعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں، پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے۔اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔

انتخابات کے سلسلے میں بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔چیف الیکشن کمشنرنے اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیں، یہ عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔الیکشن کمیشن اس وقت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔

الیکشن کمیشن چند دنوں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرنگ افسران اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری کر نے جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی چند روز میں الیکشن شیڈول دیا جائے گا اور پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے