دبئی ایئر شو میں 95 ممالک نے حصہ لیا، 190 طیاروں کی نمائش

دنیا

دبئی (موقف نیوز)دبئی کے المکتوم ایئرپورٹ کے مشرق میں واقع دنیا کے اس منفرد شو کا 18 واں ایڈیشن اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
دبئی جہاں کسی بھی معاملے میں دنیا سے پیچھے نہیں ہے وہیں اب وہ دنیا سے دو قدم آگے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حال ہی میں دبئی ایئر شو میں پہلے سے زیادہ ممالک، زیادہ اسٹالز، زیادہ طیارے اور پہلے سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی۔ہر سال نومبر کے مہینے میں منعقد ہونے والے اس شو کو اٹھارہ سال قبل شروع کیا گیا تھا اور اب یہ دنیا بھر میں بہت مشہور ہے۔
اس سال، شو میں 95 ممالک کی 1,400 سے زیادہ نمائشی کمپنیوں نے اپنے اپنے اسٹال لگائے، جبکہ 350 سے زائد مقررین نے فضائی صنعت پر لیکچرز دیے۔
پہلے دن متحدہ عرب امارات کے چیف سائبر سیکیورٹی آفیسر ڈاکٹر محمد الکویتی نے ائیر ٹریفک مینجمنٹ پر لیکچر دیا اور کئی ممالک میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
ایئر شو میں 20 ممالک نے اپنے پویلین بنائے اور 190 سے زائد طیاروں کی نمائش کی گئی۔
نمائش میں پاکستان، برطانیہ، امریکہ، سعودی عرب، سوئٹزرلینڈ، اٹلی، چین، فلپائن، فرانس، جرمنی، برازیل، تائیوان، آسٹریلیا، ترکی، لبنان، ہانگ کانگ اور دیگر ممالک نے شرکت کی۔
نمائش میں جن طیاروں کو پیش کیا گیا ان میں ایئر بس، بوئنگ، چیلنجر، گلوبل، یو اے وی، ڈائمنڈ ایئر کرافٹ، ملینیم، روٹری ونگ بالخصوص پاکستان کے طیارے بشمول JF-17 تھنڈر بلاک 3 اور سپر مشاق شامل ہیں۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے تیار کردہ طیاروں کا کئی ممالک میں چرچا ہے، اب دبئی میں بھی پاکستانی مصنوعات کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے طیاروں کی مارکیٹنگ کی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے