پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں سالانہ بنیاد پر 11.92 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ایک فیصد اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجوہات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ شامل ہے۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں ڈیزل کی قیمت میں 51 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 47.50 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ایل پی جی کی قیمت 64 فیصد جبکہ بجلی کے نرخوں میں 59 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پیاز کی قیمت میں سالانہ بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 116 فیصد تک پہنچ گیا۔ گندم کے آٹے کی قیمت میں 32.41 فیصد، مٹن میں 15.75 فیصد اور بیف کی قیمت میں 13.22 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب کچھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی۔ زیرِ جائزہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں 39 فیصد، چینی میں 21 فیصد، ٹماٹر میں 19 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 18 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعداد و شمار ملک میں مختلف اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ کی نشاندہی کرتے ہیں۔