کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ جعلی خبروں کی نشاندہی اور بروقت تدارک کے لیے محکمۂ اطلاعات میں مؤثر مانیٹرنگ نظام قائم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر جعلی و گمراہ کن اطلاعات کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ جھوٹی یا گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے جعلی خبریں بنانے اور پھیلانے کے معاملے میں قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے سے معاونت لینے اور محکمۂ اطلاعات و متعلقہ ادارے کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کی ہدایت بھی کی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، باہمی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندوں کو اس مثبت بیانیے کا حصہ بنایا جائے اور ذمہ دارانہ معلومات کے فروغ پر توجہ دی جائے۔