ترجمان دفترِ خارجہ

پاکستان کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، نہتےفلسطینیوں پربمباری روکنےکامطالبہ

پاکستان

پاکستان نے غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر بمباری فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے جہاں نہتے فلسطینیوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔

ترجمان نے غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی حکام کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کو اسرائیلی افواج کی طرف سے غیرانسانی ناکہ بندی اور اجتماعی سزائوں کی وجہ سے غزہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، ایندھن اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے فلسطینیوں کی زندگیوں پر شدید اثر پڑے گا۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ کے لوگوں کے خلاف بلا امتیاز بمباری کی اپنی مہم کو فوری طور پر ختم کرنا چاہیے اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، ناکہ بندی ختم اور فلسطینی عوام تک انسانی امداد تک بلا رکاوٹ رسائی کی اجازت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جارحیت اور تشدد کا دور سات دہائیوں سے زائد کے غیر قانونی غیر ملکی قبضے، جارحیت اور بین الاقوامی قانون کی بے توقیری کی افسوسناک یاد دہانی کا نتیجہ ہے، بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں جو فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کو تسلیم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حالیہ مہینوں میں اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات کے سنگین نتائج کے خلاف مسلسل خبردار کرتا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صورتحال کی سنگینی عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتی ہے، ہم اقوام متحدہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کو کم کرنے کے لیے جنگ بندی میں سہولت کاری کے لیے فعال کردار ادا کرے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ عالمی برادری کو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطین کی ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل ریاست کے ساتھ ایک منصفانہ، جامع اور دیرپا دو ریاستی حل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

ترجمان پاکستان نے کہا کہ ایسے حل کی عدم موجودگی میں مشرق وسطیٰ میں امن ناپید رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے